ایودھیا بابری مسجد مقدمہ : انتظار ختم، سپریم کورٹ سے فیصلہ کا اعلان کل 10.30 بجے ہوگا ایودھیا میں نیم فوجی دستوں کے 4000 اہلکار تعینات

ایودھیا بابری مسجد مقدمہ : انتظار ختم، سپریم کورٹ سے فیصلہ کا اعلان کل 10.30 بجے ہوگا
ایودھیا میں نیم فوجی دستوں کے 4000 اہلکار تعینات

ایودھیا کے بابری مسجد رام جنم بھومی تنازعہ کیس میں سپریم کورٹ کل یعنی سنیچر کو فیصلہ سنا دےگا، ممکنہ فیصلہ کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے

نئی دہلی: ایودھیا کے بابری مسجد رام جنم بھومی تنازعہ معاملہ میں سپریم کورٹ کل یعنی سنیچر کو صبح کے 10.30 بجے اپنے فیصلے کا اعلان کرنے جا رہا ہے۔ اس حساس اور مدت طویل سے زیر التوا مقدمہ میں ممکنہ فیصلے کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت جاری کر ہے۔ وزارت داخلہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو ایک عام ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ادھر، ایودھیا میں پہلے ہی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ نیز سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایودھیا میں نیم فوجی دستوں کے 4000 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ ریاستوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تمام حساس مقامات پر مناسب حفاظتی اہلکار کو تعینات رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ملک میں کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

ایودھیا شہر کی ڈرون کے ذریعہ نگرانی کی جارہی ہے۔ مقامی انتظامیہ نے ایودھیا کے حوالے سے متعدد امن کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ ان کمیٹیوں میں شامل لوگ ضلع کے مضافاتی علاقون میں جاکر لوگوں سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں دور دراز کے اضلاع میں درجنوں عارضی جیل احاطہ قائم کیے گئے ہیں۔